امریکا برفانی طوفان کی لپیٹ میں، ہزاروں پروازیں منسوخ اور نظامِ زندگی مفلوج
واشنگٹن(بولونیوز)امریکا کی کئی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی زد میں آگئیں، دو فٹ سے زائد برفباری نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے۔ عمارتیں، مکانات اور سڑکیں موٹی برف کی تہہ سے ڈھک گئیں جبکہ درجہ حرارت منفی سطح پر جا پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک، الینوائے اور مشی گن سمیت متعدد ریاستوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ الاسکا میں برفانی طوفان کے بعد درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی نیچے گر چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک بھر میں خراب موسم کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ جبکہ متعدد میں تاخیر ریکارڈ کی گئی۔ ائیرپورٹس پر مسافروں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا اور فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔
امریکی میڈیا کے مطابق شکاگو میں نومبر کے مہینے میں برفباری کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔ شکاگو کے ائیرپورٹ پر اب تک 8.4 انچ برف پڑ چکی ہے، جس کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ اور کئی تاخیر کا شکار رہی ہیں۔
ماہرینِ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔


