پشاور میں خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنانے والا اسپتال کا سی سی ٹی وی آپریٹر گرفتار

پشاور(بولونیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنانے اور بلیک میلنگ میں ملوث اسپتال کے سی سی ٹی وی آپریٹر کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق متاثرہ خاتون کی شکایت پر کارروائی کی گئی، جس میں بتایا گیا تھا کہ ملزم عمران نے شادی کا جھانسا دے کر خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کیں اور بعد ازاں 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ ملزم نے بلیک میلنگ کے لیے متاثرہ خاتون کے بہنوئی کو بھی نازیبا ویڈیو بھیجی اور اس کے بیانات ریکارڈ کیے۔

ایجنسی نے حکمتِ عملی کے تحت خاتون کی طرف سے تاتارا پارک میں ملزم کے ساتھ خفیہ ملاقات طے کروائی، جہاں چھاپے کے دوران ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے آئی فون 12 پرو میکس، واٹس ایپ چیٹ کا ریکارڈ اور متعدد خواتین کی خفیہ ویڈیوز بھی برآمد ہوئیں۔

تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم PIC اسپتال میں سی سی ٹی وی آپریٹر کے طور پر کام کرتا ہے، اور اس کے قبضے سے اسپتال کے خواتین وارڈ کی خفیہ ویڈیوز بھی ملی ہیں۔ پولیس نے ملزم کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *