ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج کا خاتمہ برآمدات میں اضافہ کرے گا، فیصل موئز خان
کراچی(بولونیوز)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (NKATI) کے صدر فیصل موئز خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے برآمدی صنعتوں پر عائد ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج ختم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
فیصل موئز خان کا کہنا ہے کہ آئندہ حکومت کو چاہیے کہ برآمدی شعبے پر مزید ٹیکسز اور ڈیوٹیز عائد کرنے سے گریز کرے، توانائی بحران اور ٹیکس بوجھ کم کرکے کاروباری ماحول کو بہتر بنائے، اور سرچارج کی مد میں جمع ہونے والے 50 ارب روپے کو شفاف طریقے سے برآمدی سیکٹر کے بنیادی مسائل خصوصاً صنعتی علاقوں کی خستہ حالی دور کرنے پر خرچ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج کا خاتمہ موجودہ حکومت کا برآمدی صنعتوں کے لیے انتہائی مثبت قدم ہے، جو برآمدات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے برآمدکنندگان کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا اور وہ اپنی مصنوعات عالمی منڈی میں زیادہ مسابقتی نرخوں پر فروخت کر سکیں گے۔
NKATI کے صدر نے مزید کہا کہ صنعتی شعبہ مسلسل وزیرِاعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کر رہا ہے، اور سرچارج کا خاتمہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرچارج کی مد میں جمع ہونے والے 50 ارب روپے کے استعمال کے لیے قائم کمیٹی میں صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کو شامل کیا جائے اور یہ رقم ان کی مشاورت سے صنعتی زونز کے انفراسٹرکچر کی بہتری پر خرچ کی جائے۔


