انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کو سزائیں سنادی گئیں
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مختلف سزائیں سنا دیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے تعلق رکھنے والے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو انسانی اسمگلنگ کے سنگین الزامات پر برطرف کردیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں فیصل آباد ایئرپورٹ کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی اس کے عہدے سے برخاست کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق یونان کشتی حادثے سمیت انسانی اسمگلنگ کے دیگر کیسز کی تحقیقات کے بعد ایف آئی اے نے متعدد افسران کے خلاف کارروائی کی، جس کے تحت کئی اہلکاروں کو برطرفی، عہدوں میں تنزلی اور تنخواہوں میں کٹوتیوں جیسی سزائیں دی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرم میں ملوث افسران کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی جاری رہے گی۔


