کشمیرپربیان، پاکستانی فنکاروں نےانوپم کھیر کی کلاس لے لی

لاہور(بولونیوز)بالی وڈ اداکار انوپم کھیر کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مزید 70ہزار بھارتی فوجیوں کی تعیناتی اور بھارتی حکومت کے مقبوضہ کشمیر کو 2حصوں میں تقسیم کے اعلان کی حمایت کرنے پر پاکستانی فنکاروں نے انوپم کھیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔مسئلہ کشمیر کے حل کا آغاز ہو چکا کہنے پر انوپم کھیر کو سوشل میڈیا صارفین نے بھی کھری کھری سنائیں۔ پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے کہا کہ اس طرح کی زبان جنگ عظیم کے دوران لاکھوں یہودیوں کےقتل عام سےقبل بھی استعمال کی گئی تھی،یہ لکھتےہوئےمیرے ہاتھ کانپ رہےہیں۔ مجھے یہ سوچ کر خوف محسوس ہورہا ہےکہ کیاہم ایک اور سیاہ دور میں داخل ہونے جارہے ہیں۔ ارمینا خان نے انوپم کھیر کی سوچ پر تنقید کرتے ہوئے کہاتاریخ ان لوگوں پررحم نہیں کرے گی جو بڑے پیمانے پر نسل کشی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نامور ٹی وی اداکار عثمان مختار نے بھی انوپم کھیر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مسٹر کھیر آپ کی نظر میں مسلمانوں کی نسل کشی مسئلہ کشمیرکاحل ہے۔ واضح رہےکہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35اے ختم کرتے ہوئے ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں