ہم کسی کے خلاف نہیں،ملک کی تعمیروترقی چاہتے ہیں،مصطفی کمال

کراچی(بولونیوز)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 21 جولائی کو عوام کو گھروں سے نکل کرپی ایس پی کواپنا مقدمہ لڑنےکامینڈیٹ دیناہوگا۔ ہم کسی کے خلاف نہیں بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی، اور حکومت کی پالیسیوں میں اصلاح چاہتےہیں۔ ہمارے سیاسی مخالفین کی نسلوں کی بقاء بھی پی ایس پی کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے میں ہے۔ لاکھوں جانوں کی قربانی دے کر ہم نے آزادی حاصل کی تھی لیکن اب معاشی غلامی کی زنجیروں میں جکڑچکےہیں۔عوام صرف حکمرانوں کوقصوروار ٹھہرا کر گھروں میں سکون سے نہیں سو سکتی۔ ہر پاکستانی پاکستان کاوارث ہےاورسب پربرابرذمےداری عائد ہوتی ہے۔ان خیالات کااظہارسید مصطفیٰ کمال نےملیرمیں جنرل ورکرز اجلاس میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 21 جولائی کو ہمیں ثابت کرنا ہے کہ جب پاکستان کی بات آتی ہے تو ہم بلا تفریق رنگ، نسل و زبان متحد ہیں اور اس وطن عزیز کی ہر محاذ پر حفاظت کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ تک قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ حکمرانوں کو ہمیں یہ واضح پیغام دینا ہے کہ اب جھوٹ نہیں چلے گا، انہیں عوام سے کیئے گئے اپنے وعدے پورے کرنے ہونگے ورنہ انہیں سخت عوامی ردعمل کا سامنا کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں