اجےدیوگن کے والد77 سال کی عمرمیں دنیا سے چل بسے

ممبئی(بولونیوز)بولی وڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن کے والد فلم ہدایت کار اور ایکشن کوریوگرافر ویرو دیوگن 77 سال کی عمر میں کچھ عرصہ علالت میں رہنے کے بعد چل بسے۔ویرو دیوگن برصغیر میں 1942 میں پنجاب کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے جو تقسیم ہند کے بعد بھارت کے حصے میں آیا۔ویرو دیوگن نے 80 سے زائد فلموں میں ایکشن سین شوٹ کروانے کی ہدایات دیں جب کہ انہوں نے چند فلموں کی ہدایت کاری بھی کی۔انہوں نے بیٹے اجے دیوگن کی فلم ’ہندوستان کی قسم‘ کی ہدایت کاری بھی کی۔ویرو دیوگن نے امیتابھ بچن، رشی کپور اور انوپم کھیر سمیت کئی بولی وڈ کے مقبول اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ویرو دیوگن زیادہ تر ایکشن مناظر کی کوریوگرافی کرتے تھے اور انہوں نے متعدد ایکشن فلموں کے یادگار ایکشن سین شوٹ کروائے۔بڑھتی عمر کے باعث ویرو دیوگن کی صحت گزشتہ چند سال سے ابتر تھی اور انہیں سانس لینے میں تکلیف سمیت چلنے پھرنے میں بھی تکلیف ہوتی تھی۔فلم فیئر کے مطابق ویرو دیوگن کو سانس میں تکلیف کے باعث ممبئی ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔اجے دیوگن کے والد کے انتقال پر فلمی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا جب کہ ان کی آخری رسومات میں بھی کئی شخصیات نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں