گوبیز رمضان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل

کراچی(بولونیوز)پہلا گوبیز رمضان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا، شالیمار کرکٹ کلب نے ارسلان کرکٹ اکیڈمی کو شکست دیکر فائنل ایٹ میں جگہ بنائی ۔ دیگر سات ٹیموں میں ہیرو کرکٹ کلب کوئٹہ ، ملت کرکٹ کلب ، اے اینڈ آئی کنگز ، ارحم کرکٹ کلب ، پاک جمخانہ ، عمر کولٹس ، کلب اور قاسمی جمخانہ نے کوارٹر فائنل رسائی حاصل کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق اے کے جے اور اے اینڈ آئی گروپ آف کمپنیز کے زیر اہتمام بحریہ کالج کرکٹ گرائونڈ میں جاری ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں شالیمار کرکٹ کلب نے مد مقابل ارسلان اقبال کرکٹ کلب کو باآسانی 6 وکٹوں سے قابو کیا، ارسلان اقبال کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.3 اوورز میں 154رنزبناکرآئوٹ ہوگئی،افروز حسان 54 اور محمد پرویز نے 47 رنز بنائے، حسین حسان نے 31 رنز کا اضافہ کیا۔ شالیمار سی سی کی جانب سے حسنین رضا اور رائو خیام عباس نے تین ، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی زاہد علی نے دو اور ابراھیم خالد نے ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔ جواب میں فاتح ٹیم نے 155 رنز کا ہدف باآسانی 17.2 اوورز میں چار وکٹیں گنوا کر عبور کرلیا ، عدنان بیگ نے نصف سنچری اسکور کی وہ 59 رنز بناکر محمد سلمان جونیئر کا شکار بنے، زمان عطاری 34 جبکہ رائو خیام عباس 21 رنز بناکر قابل ذکر رہے ۔ محمد سلمان جونیئر نے دو، شاہد خان اور محمد آصف نے ایک ، ایک شکار کیا ۔عدنان بیگ کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ میچ میں محمد شکیل اور ریاض خان نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں