ملازمین کےوسیع مفاد میں ہرسطح پراقدامات کئےجارہے ہیں

کراچی(بولونیوز)ڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات کراچی عبدالقدیر منگی نے کہا ہے کہ ملازمین کے وسیع تر مفاد میں ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں، کے ڈی اے ملازمین نے شہر کی ترقی کے لئے بلاشبہ نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔وعدوں، دعوؤں اور عملی اقدامات میں زمین و آسمان کا فرق ہے، ماضی میں کے ڈی اے افسران و ملازمین کو دیوار کی طرف دھکیلا گیا جو کہ مایوس کن عمل ہے،یہ اس کانتیجہ ہےکہ بیش بہاوسائل کےباوجود ادارہ ترقی کرسکا نہ ملازمین کوخوشحالی توکیا معمولی سہولیات بھی نہ مل سکی۔ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے نے اعلیٰ افسران پر مشتمل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈی جی کےڈی اے نےملازمین کےلئےمیڈیکل سہولیات بحال کرتے ہوئے دو نجی اسپتالز سمیت دو لیبارٹرز کو کو پینل پر کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ڈی جی کے ڈی اے عبدالقدیر منگی نے طبی سہولیات میں مزید اضافہ کرنے اور مریضوں کے علاج و معالجہ سمیت صفائی و ستھرائی کے بہترین اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے چیف میڈیکل آفیسر سے پولی کلینک کے انتظامی امور کے بارے میں تفصیلات طلب کی۔ چیف میڈیکل آفیسر سلمیٰ کوثر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولی کلینک میں میڈیکل چیک اپ روزانہ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے، مریضوں کے لئے مشینری آلات سمیت مفت ادویات فراہم کی کی جارہی ہیں جبکہ تجربہ کار ڈاکٹرز پر مشتمل پینل مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کے لئے خدمات انجام دے رہا ہے۔ڈی جی کے ڈی اے نے چیف میڈیکل آفیسر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طبی سہولیات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے ڈینٹل مشین نصب کرنے کے ساتھ اسپیشلسٹ ڈینٹل ڈاکٹر کی تعیناتی کے احکامات دیئے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران و ملازمین کو بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے ادارہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ اجلاس میں ممبر فنانس آغا پرویز، سیکریٹری کے ڈی اے نعیم وحید، ڈائریکٹر فنانس سعید احمد، پرسنل اسٹاف آفیسر ریاض احمد راشد، ترجمان ادارہ ترقیات اکرم ستار سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں