کیماڑی, زہریلی گیس کے باعث بند ہونے والا کاروبار بحال

کراچی(بولونیوز) کیماڑی میں چند روز قبل زہریلی گیس کے باعث بند ہونے والا کاروبار دوبارہ شروع ہوگیا،گیس کے اثرات اور مختلف افواہوں کے باعث شہریوں نے کیماڑی کا رخ کرنا ہی چھوڑدیا تھا ،تاہم افواہوں کے دم توڑنے اور معمولات زندگی بحال ہونے کے بعد اب شہری کیماڑی پر مچھلی کی خریداری اور سیر کے لئے منوڑہ آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے کیماڑی کے تاجروں کا کہنا تھا کہ گیس کے باعث شہریوں نے جیکسن اور مچھلی مارکیٹ سمیت منوڑہ ودیگر تفریحی مقامات پر آنا چھوڑ دیا تھا جس کے باعث مقامی افراد کا روزگار متاثر رہا ۔ کیماڑی کے مکینوں کا کہنا تھا کہ ایک طرف زہریلی گیس سے کئی لوگوں کی اموات ہوئیں اور دوسری جانب کاروبار بھی تباہ ہو کر رہ گیا۔ مولانا عباس رضاالباروی نے کہا کہ روزنامہ دنیا زہریلی گیس کے حوالے سے بروقت آگاہی فراہم کر کے بہت ساری قیمتی جانوں کو بچانے میں وسیلہ بنا۔ روزنامہ دنیا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ اب کیماڑی میں زہریلی گیس کے حوالے سے حالات تسلی بخش ہیں ، کیماڑی، منوڑہ اورتمام ساحلی پٹی میں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ، شہری اب بلا خوف و خطر ان مقامات پر آ سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں