ملیرمیں شوہرکابیوی پربدترین تشدد،سرکے بال بھی کاٹ دیے

کراچی (بولونیوز) ملیر سعود آباد میں شوہر نے بیوی پر بدترین تشدد کیا ،سر کے بال بھی کاٹ دیے ،پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق سعود آباد تھانے کی حدود ملیر ٹوکن کے علاقے کی رہائشی خاتون سمرا نے گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ شوہر شہباز اس پر بہیمانہ تشدد کرتا ہے۔ خاتون نے مزید بتایا کہ میری طبیعت خراب تھی ، میرا شوہر ایک عامل کو گھر لایا اس نے دم درود کرنا شروع کیا اور روز وہ میرے گھر آتا، ایک دن میرے شوہر نے کہا کہ عامل سے کچھ رقم ادھار مانگو، میں نے منع کیا تو شوہر نے مجھے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور سر کے بال بھی کاٹ دیے جبکہ جان سے مارنے کی نیت سے میری گردن پر چھری بھی چلائی ،میری ٹانگوں اور ہاتھوں پر تشدد کیا گیا، میں تھانے چکر لگاتی رہی مگر پولیس نے میری ایک نہ سنی، ایک روز عامل نے مجھے نازیبا پیغامات بھی بھیجے جس کے بارے میں جب شوہر کو بتایا تو اس نے مجھے پھر تشدد کا نشانہ بنایا اور اس نے میرے دو بچے بھی چھین لئے ۔ وہ کہتا ہے میں تجھے زندگی بھر رلاؤں گا۔ خاتون نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر جب میرے والد پہنچے تو شہباز نے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا ۔ پولیس نے ملزم شہباز کو حراست میں لے لیا ہے ۔ خاتون کا کہنا ہے کہ پولیس چاہتی ہے کہ ہمارے درمیان صلح ہوجائے جبکہ میری اپیل ہے کہ شوہر شہباز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں