با صلاحیت قوم کی تشکیل کیلئے ماں اوربچے کی صحت کا خیال رکھا جائے

مظفرگڑھ(بولونیوز)صحت مند معاشرے کی تکمیل اور با صلاحیت قوم کی تشکیل کیلئے ضروری ہے ماں اور بچے کی صحت کا خیال رکھا جائے، آبادی اور وسائل میں توازن رکھا جائے اور بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھا جائے یہ بات ضلعی آفیسر بہبود آبادی فرزانہ کوثر نے اسلام میں خاندانی منصوبہ بندی اور علماء کے کردار پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کی بہتر تربیت کیلئے ضروری ہے کہ خاندانی منصوبہ بندی کے اصولوں پر عمل کیا جائے ، دین اسلام میں بھی بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے احکامات دئیے ہیں، انہوں نے کہا کہ علماء کرام ، امام مساجد، خطیب ، سول سوسائٹی اور دیگر متعلقہ ادارے عوام میں خاندانی منصوبہ بندی کے متعلق آگاہی و شعور بیدار کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، قبل ازیں مذہبی سکالر رانا محمد افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی معاشرے میں علماء کی بڑی اہمیت ہوتی ہے عوام ان کے بات نہ صرف سنتی ہے بلکہ اس پر عمل بھی کرتی ہے ، علماء کرام اپنے خطابات میں عوام کو خاندانی منصوبہ بندی جس میں بچوں کو دو سال تک ماں کا دودھ پلانے ، ان کی بہتر انداز میں تعلیم و تربیت ، پیدائش میں مناسب وقفے کے بارے میں آگاہی دیں ، انہوں نے کہا کہ آبادی میں بے ہنگم اضافے سے مسائل میں بھی اضافہ ہوتا ہے ، ڈیمو گرافر جاوید اختر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ محکمہ بہبود آبادی عوام کو خاندانی منصوبہ بندی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ، انہوں نے بتایا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر سمیت ضلع بھر میں 70مراکز قائم ہیں، جہاں شادی شدہ افراد کی رہنمائی کی جاتی ہے اور گائنی سے متعلق مسائل کو حل کیا جاتا ہے ، سیمینار میں قاری سعید احمد، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ آفیسر عبدالقیوم ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر بہبود آبادی محمد ناصر، سول سوسائٹی کے نمائندہ ناظم بلوچ نے بھی خطاب کیا اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق معلومات فراہم کیں، سیمینار میں اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ آفیسرمحمدشہزاد، تحصیل آفیسر محمد عرفان، عباس بلوچ سمیت مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں