جائیداد کی 10829 فائلوں کوکمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے، ڈی جی کے ڈی اے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو ) ہماری تمام تر جدوجہد کا مقصد ادارے کی کارکردگی اور وقارکو بڑھانا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے ڈی اے کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ادارہ ترقیات کراچی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ایک بہترین ماسٹر پلان کے تحت مکمل اورمنفرد طرز رہائش اختیار کی جس میں عبادت گاہیں، اسکولز، کھیل کے میدان، پارکس اور دیگر ضروریات زندگی کی منصوبہ بندی کی گئی جس کی تقلید پاکستان کے دیگر ترقیاتی اداروں نے کی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ سلیم زاہد نے اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کی ہدایات کے مطابق محکمہ آئی ٹی اور دیگر اسٹاف کی خصوصی دلچسپی سے دو ماہ کے قلیل عرصے میں جائیداد کی 10829 فائلوں کوکمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے جس کے باعث الاٹیز کی جائیداد وں کا ریکارڈ محفوظ ہوگیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے لینڈ ڈپارٹمنٹ اور آئی ٹی کے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔بعد ازاں جائیدادوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے میں بہترین کارکردگی پر آفس اسسٹنٹ حفیظ الحسن، پروگرام آفیسر محمد یوسف عامر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر حسام الکبیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن سلیم زاہد، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال احمد صدیقی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر(ریٹائرڈ) ندیم عمران کو تعریفی شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر ممبر ایڈمنسٹریشن عبدالقدید منگی، ممبر فنانس قاضی عبدالقادر، سیکریٹری شکیل احمد خان، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال احمد صدیقی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز رئیس تبسم، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ محمد قاسم اورپرائیوٹ سیکریٹری ریاض احمد راشدسمیت لینڈ ڈپارٹمنٹ کے افسران شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں