لاہور قلندرز کا اسلام آباد کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

کراچی(بولونیوز)پی ایس ایل کے 27 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان فخرزمان نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ٹاس کے موقع پر قلندرز کے کپتان فخرز مان کا کہنا تھا کہ یونائیٹڈ کے رونکی اچھی بیٹنگ کررہے ہیں لیکن ان کے خلاف پلان تیار کرلیا ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کا کہنا تھا کہ بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان میں پی ایس ایل کےمیچزکا انعقاد کیا گیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔ یونائیٹڈ نے 9 میچ کھیل کر8 پوائنٹس حاصل کیے ہیں،لاہورقلندرز پوائنٹس ٹیبل پر 5ویں نمبر کی ٹیم ہے۔ قلندرزنے 8 میچ کھیل کر 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شائقین کو ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا جب کہ کھانے پینے اور خواتین کے ہینڈ بیگ لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن موبائل فون ساتھ لے جاسکتے ہیں۔یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 کے پہلے پلے آف مرحلے کے لیے دو ٹیموں کا انتخاب ہوچکا ہے جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاورپشاورزلمی مدمقابل ہوں گی جب کہ دو ٹیموں کا انتخاب ہونا باقی ہے۔تاہم پلےآف کے دوسرے مرحلے کے لیے کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان مقابلہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں