کوئی بھی طاقت یا دھمکی سے ہمیں نہیں جھکا سکتا،آرمی چیف

راولپنڈی(بولونیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی سلامتی کی صورت حال اورپاک بھارت کشیدگی پر بات چیت کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے اس عزم کا دوبارہ کیا کہ دفاع وطن کے لیے کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دیا جائے گا۔کورکمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پرتشویش ہے۔بھارتی سیکیورٹی فورسزلائن آف کنٹرول پرمعصوم شہریوں کونشانہ بنا رہی ہیں۔آئی ایس پی آر کےمطابق اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارتی جارحیت سے خطے کی سلامتی کو خطرہ ہے۔ عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان 2014ء پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے افواج کے مورال اور قوم کے جذبے کا سراہا اور کہا کہ مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف کا کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان امن،استحکام اورترقی کے مثبت راستے پرگامزن ہے۔کوئی بھی طاقت کے استعمال یا دھمکی سے ہمیں نہیں جھکا سکتا۔ پالیسی اور طاقت کا استعمال صرف ریاست کا ہی اختیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں