سکھر، بیٹے کا والدین پر کلہاڑیوں سے حملہ ، دونوں شدید زخمی

سکھر (بولونیوز)سکھر میں ملزم نے اپنے والدین کو کارو کاری کے الزام میں کلہاڑیوں کے وار کرکے شدید زخمی کردیا، سکھر پریس کلب پر خواتین نے اپنے اوپر ہونیوالے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ نیوپنڈ سکھر کی حدود مائیکرو کالونی میں ارباب چانڈیو نے اپنے گھر پر سوتیلے باپ 55سالہ رانجھن شابرانی اور سگی ماں 50سالہ سسی چانڈیو کو غیرت کے نام پر کلہاڑیوں کے وار کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگیا ۔ اہل محلہ نے دونوں زخمیوں کو سول اسپتال سکھر منتقل کیا ، ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو کراچی روانہ کردیا ، واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے ، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے ۔ دریں اثنا ء پرانا سکھر کے علاقے نمائش گراؤنڈ کی رہائشی بیوہ زرینہ میرانی نے سکھر پریس کلب کے سامنے اپنے دیور کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ اسکے دیور دلبر اور اسکے ساتھی فہیم نے اس کے گھر پر غیر قانونی قبضہ کرکے انہیں گھر سے نکال دیاہے ، ملزمان شکایت پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ یوسی چیئرمین اور پولیس ملزمان کی سرپرستی کررہی ہے ، انہوں نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں خیرپور کی رہائشی دلشاد جتوئی نے سکھر پریس کلب پر احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ پولیس کے افسر نے مجھے شادی کا جھانسہ دے کر 7سال تک دوستی رکھی اور ہوس کا نشانہ بناتا رہا، اس نے مجھے میرے اہل خانہ کے ساتھ کراچی کے علاقے ملیر میں رکھا لیکن شادی سے انکار کر تا رہا ، چند روز قبل اس نے مجھے اور میرے اہلخانہ کو گھر سے نکال دیا۔خاتون نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں