وزیرتعلیم کا کالجوں کادورہ،غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس

کراچی (بولونیوز) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے بدھ کو قائد آباد میں گورنمنٹ گرلز ڈگری آرٹس اینڈ کامرس کالج انڈسٹریل ایریا لانڈھی، جوگی موڑ قائد آباد میں گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج اور رزاق آباد میں اے آر جی گورنمنٹ کالج کا اچانک دورہ کیا اور غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔صوبائی وزیر نے کالجوں میں جاری تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور وہاں طلبہ سے معلومات بھی حاصل کیں۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ اساتذہ اگر مقررہ وقت پر نہیں آئیں گے تو کسی صورت طلبہ کو وہ وقت پر نہیں لاسکتے ۔ اب ہر روز صبح کسی نہ کسی علاقے میں کالج اور اسکول کا خود دورہ کروں گا۔ انہوں نے تمام افسران کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے اضلاع میں جاکر دورہ کرنے اور وہاں سے تصاویر اور ویڈیو متعلقہ واٹس اپ نمبر پر بھیجنے کی ہدایات دیں۔ صوبائی وزیر اچانک کالج پہنچے تو وہاں نان ٹیچنگ اسٹاف کے علاوہ کوئی استاد موجود نہیں تھا۔انہوں نے کالج میں اسمبلی، اساتذہ کی حاضری اور دیگر امور کے حوالے سے باز پرس کی۔ جوگی موڑ قائد آباد میں گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج میں انرولمنٹ کے باوجود بچوں کی تعداد بہت کم ہونے پر صوبائی وزیر نے پرنسپل کو بچوں کے والدین سے رابطے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کالج میں جاری تدریس کا بھی جائزہ لیا اور طلبہ سے اس حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر رزاق آباد میں اے آر جی گورنمنٹ کالج پہنچے اور جاری تدریسی عمل کا جائزہ لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں