مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں

راولپنڈی(بولونیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےایئرہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔ دونوں سربراہان نے پاک فوج اور فضائیہ کی تیاریوں اور باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے دونوں سربراہان نے موجودہ صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بات چیت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیارہیں۔یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روزسیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا اورجوانوں اورافسروں کے حوصلے کوسراہا۔پاک فوج کے سربراہ نے گزشتہ دنوں اپنے ایک اہم بیان میں کہا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے، تاہم اگر جارحیت ہوئی تو اسی شدت سے اسکا جواب دیا جائے گا۔جمعہ کے روزآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کنٹرول لائن پرچری کوٹ اورباگسر سیکٹروں کا دورہ کیا اور پاک فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔جبکہ کمانڈرآرمی ائرڈیفسن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل حمود زمان خان اس موقع پرموجود تھے۔آرمی چیف کو فارمیشن کمانڈرز کی جانب سے کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے بلند جذبے کو سراہا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے لیکن کسی کے دباؤ میں آنے والا نہیں، کسی بھی جارحیت کا اسی شدت سے جواب دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں