الحمرا کلچرل کمپلیکس میں تعلیماتِ اقبال پر ہفتہ وار دو مطالعاتی نشستوں کا انعقاد

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں تعلیمات ِاقبال پر ہفتہ وار دو مطالعاتی نشستوں کا انعقادہوا۔پہلے سیشن ”اسلام میں مذہبی تصورات کی تجدید نو“میں معین نظامی جبکہ دوسرے سیشن”اقبال کے تصور ِعشق“ پر سروش عالمگیر نے گفتگو کی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ الحمرا آرٹس کونسل ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی فکر و سوچ کو نوجوانوں میں رواج دینے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے،ملک وقوم کی ترقی تعلیماتِ اقبال پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے،اقبال کا پیغام پوری دنیا کے لئے امن و سلامتی کا باعث ہے،الحمر ا اس سلسلے کو کامیابی سے آگے بڑھاتا رہے گا۔ماہرِ اقبالیات معین نظامی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اقبال اپنی تعلیمات میں گداگری کی سخت ممانعت کرتے ہیں،اپنے زورو بازو پر یقین رکھنے والی قومیں دنیا میں عزت و وقار پاتی ہیں،الحمرا اور بین الاقومی مجلس اقبال کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، جن کی بدولت ہزاروں کی تعداد میں نوجوان فکر اقبال میں مستفید ہو رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ نشست میں موجود سینکڑوں نوجوانوں کی طرف سے کئے جانے والے سوالات انکی دلچسپی کامظہر ہیں،خودکفالت عزتِ نفس کے حصول کی ضامن ہے،اقبال کا تصور ِعشق کردار سازی اور انسانی شخصیت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ دوسرے سیشن میں سروش عالمگیر نے ”اسرارو رموز“ پر اظہار خیال کرتے ہوئے اقبال کے تصورِعلم، فلسفیانہ مباحث اور علم کی تصدیق کے ذرائع پر بحث کی۔انھوں نے کہا کہ قومیں اپنے اعلی اخلاق و اطوار کے مرہونِ منت دنیا میں منفرد مقام حاصل کرتی ہیں،ہم میں بطورقوم وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو ہمیں اقوام عالم کی صفِ اول میں کھڑا ہونے میں معاون ثابت ہوتی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سنجیدگی سے ان اقدار کو تھامنے کا عزم کریں۔ الحمرا آرٹس کونسل اور انٹرنیشنل اقبال سوسائٹی کے زیر اہتمام یہ نشستیں ہر ہفتہ الحمرا کلچرل کمپلیکس میں 4بجے منعقد ہوتی ہیں جن میں شرکت کے لئے دفتری اوقات کار میں رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں