پاک بنگلہ ٹیسٹ کے لئے آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا

راولپنڈی (ایچ آراین ڈبلیو) دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جمعہ سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں رچی رچرڈسن میچ ریفری جب کہ نائجل لونگ اور کرس گیفنی آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں، ماریز ایریزمیس ٹی وی امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر ہوں گے، رچی رچرڈسن دوسری مرتبہ پاکستان آرہے ہیں، وہ اس سے قبل ستمبر2017 میں آئی سی سی ورلڈالیون ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن بطور کرکٹر 1985 سے 1996 کے دوران پاکستان میں 21 ایک روزہ اور 6 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں، کرس گیفنی اور ماریز ایریزمس پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہے ہیں تاہم نائجل لونگ اس سے قبل بھی پاکستان میں 6 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ نائجل لونگ کا راولپنڈی میں امپائرنگ کا یہ پہلا تجربہ ہوگا وہ اس سے قبل پاکستان کے تین مختلف شہروں کراچی (3)، لاہور(2)اور ملتان (1) میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ نائجل لونگ نے آخری مرتبہ پاکستان میں 2009 میں سری لنکا سیریز میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں