طالبان مذاکرات کی میز پر،ٹرمپ پاکستان سے خوش ہیں،فواد

دبئی(بولونیوز)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کومذاکرات کی میزپرلانے پرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان سے خوش ہیں۔ایک انٹرویومیں فواد چوہدری نے کہا کہ’پاکستان افغان امن مذاکرات میں منصفانہ طورپراعلیٰ سطح پراپنا کردارادا کررہا ہے اورہمیں امریکا اورافغان طالبان کے درمیان مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید ہے’۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتنے خوش ہیں کہ انہوں پاکستان کے لیے اپنی پالیسی کا جائزہ لے کر اسے تبدیل کیا ہے۔واضح رہے کہ رپورٹس ہیں کہ افغان امن عمل میں کردار ادا کرنے پر امریکا پاکستان کو فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے) کی پیشکش کرسکتا ہے اور خیال کیا جارہا ہے کہ حالیہ دورہ پاکستان کے دوران امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے پاکستانی حکام سے اس حوالے سے گفتگو بھی کی۔انٹرویو کے دوران فواد چوہدری نے اس حوالے سے گفتگو کرنے سے گریز کرتے ہوئے کاہ کہ ‘مجھے ایف ٹی اے کے بارے میں علم ہے لیکن اس مرحلے پر میں اس پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام صرف امریکا نہیں بلکہ پاکستان کے بھی بہترین مفاد میں ہے۔انٹرویو کے دوران فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات افغان امن مذاکرات کے بعد ممکن ہے۔پاک-بھارت تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت سے بات چیت کی کوشش فی الحال موخر کردی ہے، کیونکہ موجودہ بھارتی قیادت سے ہمیں کسی بڑے فیصلے کی امید نہیں ہے، تاہم الیکشن کے بعد نئی بھارتی حکومت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں فود چوہدری کا کہنا تھا کہ چاہے وہ نریندر مودی ہوں یا راہول گاندھی، ہم بھارتی عوام کی جانب سے منتخب کیے گئے کسی بھی لیڈر کو عزت دیں گے اور وہاں بھی جو بھی اقتدار میں آئے، ہم اس کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانا چاہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں