اداکارمعمررانا نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکرلی

لاہور(بولونیوز)معروف لالی وڈ اداکار معمر رانا نے چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے لاہور میں‌ملاقات کی جہاں انھوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق معمر رانا نے پیپلز پارٹی کے منشور اور پروگرام سے اتفاق کرتے ہوئے پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد اور سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق معمر رانا کے ساتھ انکی اہلیہ مہناز بھی اس اہم ملاقات میں شریک ہوئیں، اس دوران معمر رانا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ثقافت کی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ بلاول ہی اب واحد امید ہیں جو ملک کو آگے لیکر جا سکتے ہیں۔معمر رانا نے متعدد اردو اور پنجابی فلموں میں منفرد کردار کے سبب خوب نام کمایا، ان دنوں وہ بطور ڈائریکٹر فلم سکندر میں مصروف ہیں جس میں اہم کردار بھی نبھائیں گے۔ معمر رانا ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہاں یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ عرصہ قبل کئی اداکار پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے تھے، کراچی میں شوبز کے معروف اداکار ساجد حسن اہل خانہ سمیت پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ 2 برس قبل ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکاروں ایوب کھوسہ اور قیصر نظامانی نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد دونوں کو پی پی قیادت نے ملکی کلچر مضبو ط کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ ایوب کھوسہ نے گزشتہ برس الیکشن میں بھی حصہ لیا تھا تاہم وہ کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں