نوازشریف اورزرداری اپنا آخری الیکشن لڑچکے،فواد چوہدری

لندن(بولونیوز)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور زرداری اپناآخری الیکشن لڑچکے،مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں،ڈالراوپرنیچے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے،ہماراسب سے بڑا چیلنج اپنے وعدے پورا کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نجی دورے پرلندن پہنچے ہیں جہاں ان کااستقبال ڈپٹی ہائی کمشنرمحمد ایوب نے کیا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن مہم میں ساتھ دینے پر اوورسیز کمیونٹی کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں، وقت آگیا اوورسیز پاکستانیوں کی توقعات پوری ہوں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں احتساب پرلوگوں کی گھبراہٹ دیکھ کر اوورسیز پاکستانی خوش ہیں، عمران خان کی پالیسیوں سے پاکستان کے پاسپورٹ کی اہمیت بڑھے گی، پاکستانی سفارتی کامیابیوں سے مستحکم معیشت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کواس حالت میں پہنچانے والے ہمیں لیکچر دے رہے ہیں، ہمیں کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں سب سے بڑا چیلنج وعدوں کی تکمیل ہے۔وزیراطلاعات نے اسد عمر سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ منفی پروپیگنڈے کا مقصد معیشت کوعدم استحکام سے دوچار کرنا ہے، وزیراعظم کو اسد عمر کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ اسد عمر بھرپور صلاحیتوں،محنت کے ساتھ قومی خدمات انجام دے رہے ہیں،ملکی معیشت کواستحکام دینے کے لیے اسد عمرکی قابلیت نے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے، درآمدات میں کمی آئی اور ترسیلات زر بڑھ رہی ہیں، وہ دن دور نہیں جب سیاست کی طرح معیشت میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔واضح رہے کہ چند روز قبل فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کا مال لوٹنے والے پی ٹی آئی کے ایجنڈے سے تکلیف میں ہیں، خورشید شاہ اور ان کے لیڈروں نے قومی خزانے کو سونے کی مرغی سمجھ کر حلال کیا، پیپلزپارٓٹی کب تک اپنی کرپشن بھٹو کے پیچھے چھپائے گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان روایتی وزیرِ اعظم نہیں ہیں جو عوام کو اپنا غلام سمجھے، عوام نے عمران خان کو وزیرِ اعظم منتخب کر کے لٹیروں کے خلاف اعلانِ جنگ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں