عمران خان منسٹر انکلیو کے عام گھر میں رہیں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد(بولونیوز)ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس یا پنجاب ہاؤس میں رہنے کی بجائے منسٹر انکلیو کے عام گھر میں رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا جب کہ ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی کا اعلان جلدکردیا جائے گا۔انہوں نے کہا پنجاب کے وزیراعلیٰ کا معاملہ تاحال حل طلب ہے اس پرکوئی نامزدگی نہیں ہوئی ہے۔فواد چوہدری نے بتایا کہعمران خان وزیراعظم ہاؤس یا پنجاب ہاؤس میں قیام نہیں کررہے، وہ منسٹر انکلیو میں عام گھر میں رہیں گے اور اگر وہاں مرمت کی ضرورت ہوئی تو وہ تب تک پنجاب ہاؤس میں قیام کرسکتے ہیں لیکن کسی خصوصی گھر میں نہیں جائیں گے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بنی گالہ میں جو بھی سیکیورٹی انتظامات ہوئے اس کے اخراجات خود عمران خان نے برداشت کیے ہیں، اس کے لیے ایک روپیہ بھی سرکاری خزانے سے نہیں لیا گیا اور اگر عمران خان کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی چیئرمین پی ٹی آئی خود ادا کریں گے، اس کے لیے بھی سرکاری فنڈ سے خرچ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے، یہی وہ مثال ہے جس کا عمران خان نے قوم سے کرنے کا وعدہ کیا تھا۔واضح رہے فواد چوہدری نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہورہی ہے جس میں چند سو افراد شریک ہوں گے اور اس تقریب کی میزبانی بھی ایوان صدر کے ذمہ ہے اس لیے ہمارے بس میں ہوتا تو پی ٹی آئی کے کارکنان کو بلاتے جن کی وجہ سے آج پاکستان یہ دن دیکھ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں