آف شور کمپنی کیس،عبدالعلیم خان آج نیب میں پیش ہونگے

لاہور(بولونیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان آف شور کمپنی کیس میں نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو آج پیش ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق سات اگست کو نیب نے آف شور کمپنی کیس میں تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کو آج پیش ہونے کا نوٹس دیا تھا،قومی احتساب بیورو لاہور میں آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔یاد رہے عبدالعلیم خان 6 اگست کو بھی نیب ٹیم کے روبرو پیش ہو کر آف شور کمپنی سے متعلق ریکارڈ جمع کرا چکے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق عبدالعلیم خان کو جمع کرائے گئے جوابات اور ریکارڈ سے متعلق سوالات کرنے کیلئے دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عبد العلیم خان سے مبینہ طور پرآمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے بھی سوالات کیے جائیں گے۔دوسری جانب عبد العلیم خان کا مؤقف ہے کہ ان کی آف شور کمپنی سمیت تمام اثاثہ جات کا ریکارڈ متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہے لیکن اس کے باجود وہ نیب کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کر رہے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دو اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ حکومت سے کوئی مفاد نہیں لیا، سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گا، قبول کروں گا، دنیا میں میری ایک جائیداد بتا دیں، جومیں نے ڈکلیئرنہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں