عرفان خان نے کینسر کے آگے ہتھیار ڈال دیئے

ممبئی(بولونیوز) کینسرکے مرض میں مبتلا ناموربالی وڈ اداکارعرفان خان نے شاید بیماری کے سامنے ہتھیارڈال دیئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انہیں کبھی کبھی ایسا لگتا ہے کہ لوگوں کو بتاؤں مجھے یہ بیماری لاحق ہے اور میں کچھ ماہ میں مرسکتا ہوں-تفصیلات کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری کے باصلاحیت اداکار عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی بیماری میں مبتلا ہیں جسے عموماً آنتوں کا کینسر کہا جاتا ہے اور وہ علاج کے غرض سے آج کل لندن میں ہی موجود ہیں جہاں ان کی صحت میں بہتری بھی آئی ہے اس کے باوجود ان کی باتوں سے ایسا لگتا ہے جیسے وہ بیماری سے ہار گئے ہوں، عرفان خان کا کہنا ہے کہ انہیں کبھی کبھی لگتا ہے کہ لوگوں کو اپنی بیماری سے متعلق بتاؤں، مجھے یہ بیماری لاحق ہے اور میں کچھ ماہ میں مرسکتا ہوں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں عرفان خان نے اپنے بیماری کے حوالے سے بتایا ہے کہ میری کیمو تھراپی کے کُل 6 سیشن ہیں جس میں سے چوتھا سیشن مکمل ہوچکا ہے جب کہ چھاٹا سیشن مکمل ہونے کے بعد اس کا نتیجہ دیکھیں گے کہ یہ مجھے کہاں لے کر جاتا ہے۔ عرفان خان نے کہا کہ کسی بھی انسان کی زندگی کی کوئی گارنٹی نہیں ہے جب کہ میرا دماغ ہمیشہ مجھ سے کہتا ہے کہ مجھے یہ بیماری ہے اور میں کچھ مہینوں میں یا ایک دو سال میں مرسکتا ہوں، یا پھر میں اپنے دماغ سے یہ باتیں خارج کرکے اس طرح جی سکتا ہوں جس طرح زندگی مجھے جینے کا موقع دے رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں