ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے کسی کو مداخلت کا اختیار نہیں، عمران خان

بیجنگ (بولونیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے کسی ملک کو دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ہانگ کانگ کے معاملے کو چین کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے اور کہا کہ کسی ملک کو دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق چینی قیادت نے پاکستان کی سالمیت، سیکیورٹی اور علاقائی خود مختاری پر یک جہتی کے عزم کا اعادہ کیا جب کہ وزیر اعظم نے چینی قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے چینی قیادت کو مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف اور تحفظات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے جس پر چینی قیادت نے کہا کہ چین کشمیر کی صورتحال مزید پیچیدہ بنانے والے کسی بھی یک طرفہ اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں