سندھو، سرائیکی اور پختون دیش بھی بن سکتے ہیں، بلاول کا انتباہ

حیدرآباد (بولو نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ سندھو، سرائیکی اور پختون دیش بھی بن سکتے ہیں۔  وفاق کی جانب سے کراچی پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ماضی میں بنگلادیش بنا، اب اگرعوام کے معاشی اور انسانی حقوق چھیننے اور ظلم کا سلسلہ بند نہ ہوا تو کل سندھو دیش، سرائیگی دیش اور پختون دیش بھی بن سکتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی سندھ کے خلاف سازش برداشت نہیں کرے گی، کٹھ پتلی حکومت اور غیرجمہوری قوتیں ہوش کے ناخن لیں، مولانا فضل الرحمن کے اسمبلیاں توڑ نے کے مطالبے کی حمایت نہیں کرتے، نااہل اور سلیکٹیڈ حکومت کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہورہے ہیں، کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا ہم کشمیر اور کشمیریوں کے لیے آخری حد تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، نااہل سلیکٹیڈ حکومت اور غیر جمہوری قوتو ں نے انسانی حقوق سلب کیے ہوئے ہیں اور اظہار رائے کی آزاد ی پر حملے ہو رہے ہیں۔ مگر وفاقی حکومت کے مظالم پر مظالم کررہی ہے، غیرجمہوری قوتیں اور کٹھ پتلی حکومت ہوش کےناخن لیں، جمہوریت پسندوں کی زبان بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس حکومت کو گھر جانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اگر ایسی کسی سازش کی حمایت کرے گی تو اپنا سیاسی نقصان کرے گی، وہ بھی استعفیٰ دیکر سندھ کے مفادات کی حفاظت کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر ادارے کو اپنے دائرے میں رہ کر آئینی طور پر کام کرنا چاہیے، ہم میثاقِ جمہوریت کو مضبوط بنائیں گے اور مل کر آئینی و جمہوری حقوق کی حفاظت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں