بلدیہ عظمیٰ،انتخابی امیدوارپرچم، پوسٹرزلگانے کیلئے رقم دینے کے پابند

کراچی(بولونیوز)بلدیہ عظمیٰ نے تمام سیاسی جماعتوں سے شاہراہوں،سڑکوں اورچوراہوں پربینرز، پوسٹرز، پورٹریٹ، ہینڈ بلز، جھنڈے لگانے کے لیے اپنے لیٹرہیڈ پرکے ایم سی کے محکمہ فنانس سے رابطہ کرنے کے لیے کہا ہے تاکہ انھیں مقرر کیے گئے ریٹ کے مطابق باقاعدہ اجازت نامہ جاری کیا جاسکے۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے پر عمل کرتے ہوئے شہر کی حدود میں سیاسی اشتہارات کی اشاعت بشمول ہینڈ بلز ، پوسٹرز، جھنڈوں اور بینرز کے سائز اور نرخ مقرر کردیے ہیں جس کے مطابق پولز پر لگائے گئے پورٹریٹ اور باندھے گئے بینرز اور دیگر اشتہاری مواد کے نرخ لاگو ہوں گے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 3×6 اسکوائر فٹ کے بینر لگانے پر 100 روپے فی دن ہوں گے جبکہ 2×3 اسکوائر فٹ پورٹریٹ کے چارجز مبلغ 100 روپے فی دن ،18×23 انچ پوسٹرایک روپیہ فی دن ، ہینڈ بلز، پمفلٹ، لیف لیٹ جس کا زیادہ سے زیادہ سائز 9×6 انچ ہونا چاہیے ایک روپیہ چارجز ہوں گے جبکہ لگائے جانے والے سیاسی پرچموں کے لیے فی پرچم ایک روپیہ چارج کیے جائیں گے ، یہ چارجز فوری طور پر لاگو ہوں گے اور الیکشن کے دن تک نافذ العمل رہیں گے۔