تمام سیاسی جماعتوں سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی،الیکشن کمیشن

اسلام آباد(بولونیوز)الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے18-2017 کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے 18-2017 کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں اور کہا ہے کہ سیکشن 210 کے تحت سیاسی جماعتیں سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع کروانے کی پابند ہیں لہذٰا رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں 29 اگست تک الیکشن کمیشن میں گوشواروں کی تفصیلات جمع کروائیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے گوشواروں میں فنڈز کے ذرائع بتانے کی پابند ہیں اورانہیں اپنے اثاثے اور واجبات بتانا ہوں گے کوئی سیاسی جماعت الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ممنوعہ ذرائع سے فنڈزنہیں لے سکتی،سیاسی جماعتیں سالانہ آمدن اوراخراجات کی تفصیلات گو شو ا روں میں جمع کروائیں،ڈاک،فیکس یا کورئیرکے ذریعے بھیجے گئے گوشوارے قابل قبول نہیں ہوں گے جب کہ گوشواروں پرچارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور سیاسی جماعت کے سربراہ کے دستخط ضروری ہیں۔ سیاسی جماعتیں فارم ڈی الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتراورچاروں صوبائی دفاتر سے لے سکتی ہیں۔