نوازشریف کیلیے اڈیالہ جیل میں انتظامات مکمل،آئی جی جیل پنجاب

راولپنڈی(بولونیوز) آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور مریم کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا جب کہ جیل کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی گرفتاری کے حوالے سے انسپکٹرجنرل جیل خانہ پنجاب مرزاشاہد سلیم بیگ کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کرادی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پنجاب بھرسے 141 لیگی کارکنوں کو جیلو ں میں نظربند کیا گیا ہے اوران میں کوئی بھی ایسا فرد نہیں جسے غیرقانونی طورپرحراست میں لیا گیا ہو۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نوازشریف اورمریم نوازکواڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا، کیوں کہ ان کے لیے کسی اورجیل میں سیل نہیں بنایا گیا، اڈیالہ جیل میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ سندھ کی کسی جیل میں کوئی ہنگامی بنیادوں پر انتظام نہیں کیےگئے اور نوازشریف اور مریم نواز کو کراچی منتقل کرنے کا بھی کوئی امکان نہیں۔یاد رہے گرفتاری کے بعد نوازشریف اور مریم نواز کے طبی معائنے کے لئے ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی ڈاکٹرآصف کریں گے، طبی معائنہ اڈیالہ جیل میں کیا جائے گا اور اس دوران نیب حکام بھی موجود ہوں گے۔