25 جولائی،شیروں کو ووٹ دیکرووٹ کی عزت مستحکم کریں

کراچی(بولونیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف اور پاکستان ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں. پاکستان کیی قوم کے وقار اور تکریم کے لئے ملک میں پاکستان کی خالق جماعت کا اقتدار پر فائز ہونا موجودہ عالمی حالات کا تقاضہ بن چکا ہے. اسلامی جمہوریہ پاکستان کو دنیا کی پہلی مسلم ایٹمی قوت بنانے والے میاں محمد نواز شریف کے خلاف سازشوں کے تانے بانے سرحدوں سے باہر بنے گئے جن پر عملدرآمد کے لئے مقامی مہروں سے کام لیا جا رہا ہے. پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر پارٹی کے قومی اسمبلی کے امیدوار برائے حلقہ NA-244 کے امیدوار ڈاکٹر مفتاح اسما عیل اور صوبائی حلقےPS-103 کے امیدوار علی عاشق گجر کی انتخابی مہم کے سلسلے گلشن جمال میں عوام کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے. علی اکبر گجر نے کہا کہ قوم 25 جولائی کو شیروں کو ووٹ دے کر ووٹ کی عزت مستحکم کریں گے. پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جنگ کسی فرد یا جماعت کی جنگ نہیں بائیس کروڑ پاکستانیوں کی عزت و تکریم کی جنگ ہے. اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لئے قائد نواز شریف کی رہنمائی لازم ہو چکی ہے. کراچی کے شہری نا اہل کرپٹ اور قتل و غارت کی سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں. قائد اعظم کے آبائی شہر کے ووٹرز میاں محمد نواز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں جن کی جدوجہد کی وجہ سے آج کراچی کے شہریوں کے چہروں پر مسکراہٹیں نظر آ رہی ہیں. کراچی سمیت سندھ کے ووٹرز پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی انتخابی مہم کو اپنے ہاتھوں میں لے کر شیر کی کامیابی یقینی بنائیں. سندھ کے عوام کے پاس سنہرا موقع ہے کہ ہم سب ووٹ کی قوت سے اپنے صوبے اپنے شہر اور اپنے ملک کی تقدیر محفوظ بھی بنائیں اور تابناک بھی. پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار علی عاشق گجر نے اپنے خطاب میں حلقے کے عوام سے اپیل کی کہ کراچی کی ترقی اور اس شہر کے رہنے والوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے میاں محمد نواز شریف کے نامزد امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں اور کراچی کی روشنیوں کو دوبارہ اندھیروں کی نظر ہونے سے بچائیں-