سراج رئیسانی کی انتخابی مہم میں خود کش حملہ، 5افراد جاں بحق

مستونگ(بولونیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خود کش دھماکے کے نتیجے میں5افراد جاں بحق جب کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 35 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں درینگڑ کے قریب بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ35 افراد زخمی ہوگئے، ذرائع کے مطابق بم دھماکے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی بھی شدید زخمی ہوئے ہیں، واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دھماکے کی جگہ سے شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔یاد رہے مستونگ دھماکے کے بعد کوئٹہ کی سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاوٴالدین مری نے مستونگ میں سراج رئیسانی کے قافلے پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مستونگ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آج صبح بنوں کے علاقے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے تھے تاہم اکرم درانی اس حملے میں محفوظ رہے جب کہ 3 روز قبل پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے اور اے این پی کے ’پی کے 78‘ کے انتخابی امیدوار ہارون بلور سمیت 13 افراد شہید ہوگئے تھے۔