کارکنوں کوگرفتارکرنیوالے 26 جولائی کو جیلوں میں ہوں گے

لاہور(بولونیوز)پاکستان مسلم لیگ نوازکے صدراورسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے کارکنوں کوگرفتار کرنے والے 26 جولائی کو جیلوں میں ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے بھٹہ چوک میں انتخابی جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف ملک بچانے آرہے ہیں،آج سب لوگ ان کے استقبال کیلئے باہر نکلیں۔یاد رہے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کو واضح کہنا چاہتا ہوں کہ ظلم و زیادتی روک دیں۔ان کا کہنا تھا کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا، جب ہماری حکومت آئے گی تو آپ کے ساتھ زیادتی نہیں کریں گے بلکہ انصاف کے کٹہرے میں لے کر آئیں گے۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شہبازشریف نے کہا کہ پولیس نگران وزیراعلیٰ اوردیگرکی ہدایت پرہمارے کارکنان کوگرفتارکررہی ہے اور یہ گرفتاریاں انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔واضح رہے شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف اہلیہ کی شدید بیماری کے باوجود پاکستان آرہے ہیں جن کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا تاہم اس سے قبل راولپنڈی میں سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور کارکنوں کو ایم پی او کے تحت بند کیا گیا، یہ سب الیکشن کو داغدار کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، ذمے دار کان کھول کر سن لیں، وقت ایک سا نہیں رہتا، جتنی دھاندلی کرلیں ہم 25 جولائی کا انتخاب جیت رہے ہیں۔