قافلے پربم حملہ،3 افراد جاں بحق،25 زخمی، اکرم درانی محفوظ

پشاور(بولونیوز) بنوں میں سابق وزیراعلی اکرم درانی کے قافلے پرحملے میں 3 افراد جاں بحق اور25 افراد زخمی ہوگئے، حملے میں ایم ایم اے رہنما محفوظ رہے۔تفصیلات کے مطابق اکرم درانی جلسے میں شرکت کیلئے جا رہے تھے، ان کے قافلے کے قریب دھماکا ہوگیا، حملے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اکرم درانی نے گفتگو میں کہا وہ خیریت سے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکا ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اکرم درانی این اے 35 بنوں سے عمران خان کے مد مقابل ایم ایم اے کے امیدوار ہیں۔ نیکٹا ذرائع کا کہنا ہے خفیہ اداروں کی رپورٹس کے بعد اکرم درانی پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا تھا، دیگر سیاستدانوں پر بھی حملوں کا خدشہ ہے۔خیال رہے ہارون بلور کو منگل کی شب یکہ توت کے علاقے میں کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔ واقعے میں ہارون بلور سمیت 21 افراد جاں بحق اور 63 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔