تاریخ گواہ ہے،نوازشریف اورمریم نوازنے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا

لندن(بولونیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ تاریخ ثابت کرے گی کہ نوازشریف اور مریم نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا۔ یہ جعلی سزائیں ہیں اور میں کسی سزا سے نہیں ڈرتا۔تفصیلات کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ بیگم کلثوم نے آنکھیں کھولی ہیں لیکن وہ انہیں پہچان نہیں رہی ہیں۔ ایسے حالات میں کوئی نہیں جاتا جن حالات میں ہم وطن واپس جارہے ہیں۔نواز شریف نے مزید کہا کہ مریم اپنی بیمار والدہ کو چھوڑ کر جا رہی ہے۔ ہم لوگ پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے ہی جارہے ہیں۔ یہ ہو سکتا تھا کہ مریم نہ جاتی لیکن ہمارا مقصد عظیم ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے تصدیق کی کہ والدہ نے ایک مہینے کے بعد آنکھیں کھولی ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حسین نواز نے کہا کہ والدہ ایک مہینے کے بعد آنکھیں کھولی ہیں، آنکھیں جھپکی بھی ہیں اور ادھر ادھر بھی دیکھا ہے۔ میری درخواست ہے کہ انہیں دعاﺅں میں یاد رکھیں۔