انتظامیہ،پولیس سن لیں،وقت ایک جیسا نہیں رہتا، شہباز شریف

لاہور(بولونیوز)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کو واضح کہنا چاہتا ہوں کہ ظلم و زیادتی روک دیں، وقت ایک جیسا نہیں رہتا،جب ہماری حکومت آئے گی توآپ کے ساتھ زیادتی نہیں کریں گے بلکہ انصاف کے کٹہرے میں لے کرآئیں گے۔تفصیلات کے مطابق لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ پولیس نگران وزیراعلیٰ اوردیگرکی ہدایت پرہمارے کارکنان کوگرفتارکررہی ہے اوریہ گرفتاریاں انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔یاد رہے کہ شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف اہلیہ کی شدید بیماری کے باوجود پاکستان آرہے ہیں جن کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا تاہم اس سے قبل راولپنڈی میں سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور کارکنوں کو ایم پی او کے تحت بند کیا گیا، یہ سب الیکشن کو داغدار کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، ذمے دارکان کھول کرسن لیں،وقت ایک سا نہیں رہتا،جتنی دھاندلی کرلیں ہم 25 جولائی کا انتخاب جیت رہے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شہبازشریف کا کہنا تھا کہ غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ نوازشریف پاکستان نہیں آرہے، کوئی پرواز منسوخ نہیں ہوئِی، نواز شریف اپنی بیٹی کے ہمراہ کل لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے، گرفتاریوں اور تشدد سے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا۔(ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ ہمارا کل کا پروگرام پرُامن ہے، اس کے باوجود کارروائیوں کا مطلب ہے دال میں کچھ تو کالا ہے جب کہ عمران خان لاہور میں جلسہ کر رہے ہیں اور ہمارے لیے دفعہ 144 نافذ ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی خدمت کرنے والے معمار ہیں، ملک کو دھرنوں سے تباہ کرنے والی دیگر جماعتیں ہیں، ہمارا مشن پاکستان کی تعمیر کرنا ہے۔