سرکاری ہیلی کاپٹر،نیب نے عمران خان کو18 جولائی کوطلب کرلیا

پشاور(بولونیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق نیب نے عمران خان کو 18 جولائی کو طلب کرلیا جب کہ اس سے قبل نیب نے سرکاری ہیلی کاپٹرکے استعمال سے متعلق سوالنامہ بھی تیارکرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے بارے سوالات پوچھے جائیں گے۔یاد رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے 2 ہیلی کاپٹرز کو غیرسرکاری دوروں کے لئے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان ایم آئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے۔