نارتھ کراچی،صنعتی علاقوں کیلئے ڈھائی کروڑروپے جاری کرنیکا فیصلہ

کراچی(بولونیوز)نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے نارتھ کراچی کے صنعتی علائقوں کی ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی مرمت اوراسترکاری کے کاموں کیلئے ڈھائی کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ انھوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے سات رکنی وفد سے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات دوران کیا۔ وفد نے نکاٹی کے پیٹرن جناب کیپٹن معیظ اے خان کی قیادت میں ملاقات کی جس میں نکاٹی کے صدرشاہد صابر،سینئر ناب صدر شوکت اسماعیل، نائب صدر سجاد ایچ وزیر سمیت وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری صنعت، کمشنر کراچی و دیگر نے موجود تھے۔ وفد نے نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا میں بڑھتے ہوئے مسائل سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا اور بتایا کہ نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کاروں کو ذہنی کوفت اور اذیت سے نجات دلائیں جس پر نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کمشنر کراچی صالح فاروقی کو فوراً مسائل حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ انڈسٹریل ایریا صفائی کے سلسلے میں انکا تعاون اہم کردار ادا کرے گا۔ملاقات میں نکاٹی کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو صنعتکاروں کی جانب سے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان سے کراچی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے ایک وفد نے بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی،وفد میں چیئرمین کراچی کونسل برائے خارجہ تعلقات ایڈمرل شاہد کریم اللہ، سابق گورنر سندھ اور کے سی ایف آر کے بورڈ آف گورنر لیفٹننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر، سابق چیف سیکریٹری جاوید اشرف سمیت سیکریٹری جنرل اور چیف ایگزیکٹو کے سی ایف آر جناب احسن ماترر زبیری موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔