پنجاب کا نگران وزیراعلی کٹھ پتلی شرم سے عاری اسے کڑے احتساب کا سامنا کرنا ہوگا، رانا مشہود علی خان

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما، پنجاب کے سابق وزیر تعلیم رانا مشہود علی خاں نے مسلم لیگ(ن) ہاؤس کراچی میں پارٹی کی مقامی قیادت کے ساتھ ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں قائد محمد نواز شریف کے استقبال کے لئے پارٹی پروگرام کا اعلان کیا اور نگران حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں حکومتوں کا کام ملکی معاملات کی نگرانی اور معینہ مدت تک اس کے تسلسل کو دیکھنا ہوتا ہے لیکن پاکستان کی نگران حکومت خود کو گھر والی سمجھ بیٹھی ہے. پاکستان مسلم لیگ(ن) ہاوس کراچی میں صوبائی صدر شاہ محمد شاہ، جنرل سیکریٹری سلیم ضیا، ڈویژنل صدر علی اکبر گجر، صوبائی سیکریٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں سمیت پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں کی بڑی تعداد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک بنانے ، بچانے اور ملک کی بنیادیں مضبوط کرنے والی جماعت ہے ہم کسی احتجاج کے لئے باہر نہیں نکل رہے ہم اپنے قائد محمد نواز شریف اور قوم کی بیٹی مریم نواز شریف کے استقبال کے لئے لاہور جار رہے ہیں. سندھ پنجاب خیبر پختونخوا بلوچستان سے ہمارے کارکنوں کے قافلے لاہور کے لئے روانہ ہو چکے ہیں کراچی سے علی اکبر گجر کی قیادت میں قافلہ آج روانہ ہوگا، اندرون سندھ سے شاہ محمد شاہ قائد کے استقبال کے لئے روانہ ہونے والے قافلے کی قیادت کریں گے. رانا مشہود علی خاں نے کہا کہ ہم توڑ پھوڑ کے قائل نہیں لیکن پنجاب کی حکومت ہمارے کارکنوں کے خلاف گرفتاریاں اور جھوٹے مقدمے بنا کر امن و امان کی صورتحال کراب کرنا چاہتی ہے. وزیر اعلی پنجاب ہمارے احتجاج اور تحفظات کے باوجود عہدے پر آن بیٹھا جو اس کی ڈھٹائی کا ثبوت ہے ہمارے پانچ سالہ دور میں احتجاج جلسے جلوس اور دھرنے ہوئے لیکن ہم نے جمہوریت کی پاسداری کرتے ہوئے موجودہ نگران حکمرانوں جیسے ہتھکنڈے استعمال نہیں کئے. نگران حکومت ہمارے خلاف آئین اور قانون کے خلاف اقدامات سے گریز کرے. خلاف آئین کام نہ کرے بصورت دیگر ہمارے کارکنوں کو گرفتار کرنے والے کے خلاف ایف آئی آر یں کٹوائیں گے. میاں محمد نواز شریف کا استقبال ماضی کی تمام تحریکوں کو ماند کر دے گا. میاں محمد نواز شریف کے طیارے کا رخ موڑنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے جس ہوائی اڈے پر ہمارے قائد کا جہاز اتارا گیا لاکھوں کارکن ہر اےئر پورٹ پر موجود ہونگے. عمران خان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود علی خاں نے کہا کہ عمران خان یہودی طاقتوں اور غیر ملکی قوتوں کا ایجنٹ ہے عمران خان کی اتنی اوقات نہیں کہ اس کا موازنہ کسی بڑے رہنما سے کیا جائے. پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی گرفتاریوں پر صبر کے ساتھ مقابلہ کریں گے اور 25 جولائی کو شیر کی تاریخی کامیابی سے جبر اور استحصال کی قوتوں کو جواب دیں گے؛. نگران حکومت اور ان کے حواریوں نے میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی، اپنے عوام سے رابطوں کے درمیاں دیوار بننے کی کوشش کی تو ہماری تحریک ملک بھر میں پھیل جائے گی اور اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہر پاکستانی کو انصاف نہیں ملتا. رانا مشہود علی خان نے پاکستان کے میڈیا کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہم میڈیا کے مشکور ہیں جس کی غیر جانبدار اور پیشہ ورانہ خدمات کی وجہ سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کا پیغام گھر گھر پہنچ چکا ہے-