نگران وزیراعظم،آرمی چیف کی پشاورآمد، ہارون بلورکی شہادت پرتعزیت

پشاور(بولونیوز) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اورآرمی چیف قمرجاوید باجوہ نے بلور ہاوس پشاور میں ہارون بلورکی شہادت پر اہل خانہ سے تعزیت کی۔تفصیلات کے مطابق ہارون بلورکی شہادت کے بعد دوسرے روز بھی پشاورکی فضا سوگوارہے،تعزیت کرنے والوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک ایک روزہ دورے پرپشاورپہنچے جہاں وہ بلورہاوس گئے اور ہارون بلورکی اہل خانہ سے ملاقات کی اوران کی وفات پرتعزیت کی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی بلور ہاوس پہنچے، آرمی چیف نے ہارون بلور کے اہل خانہ اور غلام بلور سے ان کے بھتیجے کی شہادت پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈی جی آئی ایس آئی اورکورکمانڈرپشاوربھی آرمی چیف کے ساتھ تھے۔یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک، قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ، جے یو آئی کے غلام علی بھی بلورہاؤس آئے اورشہید کیلئے دعا کی۔ہارون بلور کو منگل کی شب یکہ توت کے علاقے میں کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔ واقعے میں ہارون بلور سمیت 21 افراد جاں بحق اور 63 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔