الیکشن میں چند روزباقی،بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنا جائزنہیں،شہبازشریف

لاہور(بولونیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن میں چند روز باقی رہ گئے ہیں۔ بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنا جائزنہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہورمیں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ فیصلے میں صاف لکھا ہے کہ نوازشریف کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ نیب عدالتوں میں سینکڑوں کیسز 10، 10 سال سے لٹکے ہوئے ہیں۔ ایک فیصلہ نیب عدالت نے دیا ہے اور ایک فیصلہ 25 جولائی کو عوام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو نیب عدالت نے 100 سے زائد مرتبہ بلایا اور وہ پیش ہوئے مگر جہاں پر کرپشن کے انبار لگ گئے وہاں کسی کو طلب نہیں کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، دھماکے نہ کرنے پر کلنٹن نے نواز شریف کو 5 ارب ڈالرز کی پیشکش کی لیکن نوازشریف نے پیشکش ٹھکراکر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔نوازشریف نے کہا بھارت کے5کے مقابلے میں 6 ایٹمی دھماکے کریں گے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم نے دھرنے نہیں دیئے بلکہ مینار پاکستان پر پرامن احتجاج کیا تھا۔ نوازشریف کی قیادت میں ہم نے ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے بنائے، دن رات محنت کی اور شفاف طریقے سے بجلی کے منصوبے مکمل کیے۔صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے مزید کہا کہ مفروضے کی بنیاد پرمیاں صاحب کو 10 سال کی سزا سنادی۔ الیکشن میں چند روز باقی رہ گئے ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنا جائز نہیں۔