سب جانتے ہیں گرفتاریاں کیوں ہورہی ہیں،فیصلے کاوقت آگیا

لندن(بولونیوز)سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے کہا ہے کہ حفاظتی ضمانت کیلئے وکلا کام کررہے ہیں۔ پشاورکا واقعہ افسوناک ہے، بلور خاندان نے قربانیاں دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں گرفتاریاں کیوں ہورہی ہیں، اب فیصلے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے، نواز شریف کی مخالفت میں پورا ملک داﺅ پر لگا دیا گیا ہے۔واضح رہے مریم نواز نے مزید کہا کہ بلور خاندان کے لوگ بہت بہادر ہیں، انہوں نے بہت قربانیاں دیں۔ اللہ ہارون بلور کے درجات بلند کرے۔ اس سے قبل گذشتہ روز ہارلے سٹریٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان گرفتاری دینے کیلئے جارہے ہیں۔ ایئرپورٹ سے باہر جائیں گے اور کارکنان سے خطاب بھی کریں گے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام اصل حقیقت جانتے ہیں۔ 70 سال سے لڑائی جاری تھی، اب اس کے اختتام کا وقت آگیا ہے۔ یہ 70 اور 80 کی دہائی نہیں جب اپنی مرضی سے چلایا جاتا تھا۔مریم نواز نے کہا کہ گرفتاری جیسے ہتھکنڈوں سے ہمارے ارادے متزلزل نہیں ہوں گے۔ سازش کے منصوبہ سازوں کو پتہ ہے کہ نوازشریف کو عوامی حمایت حاصل ہے۔ نوازشریف عوامی طاقت سے وقت کا رخ موڑ سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین نے دباؤ کے تمام حربے استعمال کرلیے۔ نوازشریف کو عوام سے دور رکھنا ایک سطحی سوچ ہے۔ مخالفین جو حاصل کرنا چاہتے ہیں نتائج اس کے برعکس آرہے ہیں۔قبل ازیں وزارت داخلہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے کے بعد سابق وزیراعظم اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے فیصلے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری سیکریٹری داخلہ نے دی۔