توہین آمیززبان کے استعمال پرعمران خان کو نوٹس جاری،الیکشن کمیشن

راولپنڈی(بولونیوز)الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اشتہارات میں دوسری سیاسی جماعتوں کیلیے توہین آمیززبان کے استعمال پر عمران خان کو نوٹس جاری کردیا جبکہ پیمرا کو خط لکھتے ہوئے کسی بھی جماعت کے اس قسم کے اشتہارات روکنے کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس معاملے پرپیمرا کوخط میں ہدایت کی ہے کہ تمام ٹی وی چینلزکواس قسم کے الفاظ والے اشتہارات نہ چلانے کی ہدایت کی جائے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہےکہ انتخابات ایکٹ 2017کےتحت پریذائیڈنگ افسران ہی انتخابی نتائج کو مرتب کرنے کے بعد متعلقہ ریٹرننگ افسراورالیکشن کمیشن کواس کی ترسیل کا ذمے دار ہیں،اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کی سختی سے تر د ید کی جاتی ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کا انتخابی نتائج کی ترسیل میںکسی قسم کا کوئی کردار ہو گا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروںکیلیے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے پیرا14کے مطابق ان کا کردار محض اتنا ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشن پر پرامن ماحول فراہم کرینگے تاکہ پریذائیڈنگ افسر آسانی کے ساتھ انتخابی نتیجے کی ترسیل امیدواران یا ان کے ایجنٹس کی موجودگی میں کر سکے۔الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشن پر فوجی جوانوں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دینے کی خبروں کو بھی غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
دریں اثنا پیپلزپارٹی نے اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے امیدوار سبط الحیدر بخاری کے بینرز اور پوسٹر اتارنے پر ضلعی انتظامیہ کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکر دی ہے۔