شہبازشریف مقبول ترین لیڈراورعمران خان کا دوسرا نمبر

اسلام آباد(بولونیوز)امریکی ادارے کے پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے کیے گئے ایک عوامی سروے میں حیرت انگیزطورپرمقبول ترین جماعت کے لیے مسلم لیگ (ن) اورشہبازشریف مقبول ترین لیڈرکے طورپرسامنے آئے ہیں جب کہ تحریک انصاف کی مقبولیت کو دھچکا پہنچا ہے تاہم نواز شریف کے خلائی مخلوق والا بیانیہ عوام میں غیر مقبول ہے۔تفصیلات کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپینیئن ریسرچ نے امریکی فرم گلوبل اسٹریٹیجک پارٹنر کے تعاون سے چاروں صوبوں اور فاٹا میں کیے گئے سروے کے دوران 3735 افراد سے طے شدہ سوالوں پررائے لی گئی جس کی بنیاد پرتازہ سروے جاری کیا ہے جس میں پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات 2018 کے حوالے سے دلچسپ اعداد وشمارسامنے آئے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مملکت خداد پاکستان کے اہم ترین عہدے وزیراعظم کیلئے 56 فیصد رائے دہندگان شہبازشریف کواچھا امیدوارسمجھتے ہیں اس کے برعکس37 فیصد کے نزدیک وہ اس عہدے کے لیے مناسب امیدوار نہیں اسی طرح 46 فیصد رائے دہندگان عمران خان کو بہتر وزیر اعظم سمجھتے ہیں لیکن 44 فیصد کی رائے منفی ہے۔واضح رہے سروے میں 82 فیصد رائے دہندگان نے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وفاق میں 32 فیصد رائے دہندگان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا تہیہ کیے بیٹھے ہیں جب کہ29 فیصد رائے دہندگان کا جھکاؤ پی ٹی آئی کی جانب ہے اسی طرح 13 فیصد رائے دہندگان پیپلزپارٹی اور 3 فیصد نے ایم ایم اے کو ووٹ دینے کا عندیہ ظاہر کیا ہے-