دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے سیاسی جماعتوں کا تعاون ضروری ہے

لاہور(بولونیوز) نگران وزیراعلی ڈاکٹرحسن عسکری نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کا تعاون ضروری ہے، الیکشن کے دوران سیاسی جماعتیں مساوی مواقع حاصل کرسکیں گی، امیدوار سکیورٹی کیلئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر حسن عسکری وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ نگران وزیراعلی نے کہا کہ حالات نازک ہیں، یہ جوش نہیں ہوش کا دامن تھامنے کا وقت ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران پرامن ماحول سے ہی سیاسی جماعتیں مساوی مواقع حاصل کرسکیں گی، امیدواران سکیورٹی کیلئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلی ڈاکٹر حسن عسکری نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو کہا کہ امیدوار شکایت یا مسئلے کی صورت میں مقامی انتظامیہ، وزراء یا خود ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔