احتساب ہوگا بلا تفریق ہوگا،ورنہ نہیں ہوگا، چیئرمین نیب

کوئٹہ(بولونیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا ہے کرپشن ختم کرنے کے عمل کو احسن طریقے سے انجام تک پہنچائیں گے، ملکی بربادی کے اسباب اب جاری نہیں رہیں گے، احتساب ہوگا تو بلاتفریق ہوگا، ورنہ نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھا احتساب حوالدار، پٹواری نہیں، اوپر سے شروع ہوگا، ایک وزیراعلیٰ سے انکوائری کی جا رہی ہے، مزید 2 وزرائےاعلیٰ سے تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا یہ تاثر نہ دیا جائے کہ نیب انتقامی کارروائی کر رہا ہے، نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے-ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب محتاط طریقے سے اپنا کام کر رہا ہے، 5 لاکھ کی جگہ 5 کروڑ خرچ ہوں گے تو نیب سوال پوچھے گا، تعلیمی اداروں کا حال آپ کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا ہم کب تک جانوروں کی طرح زندگی گزاریں گے ؟ کرپشن دیمک نہیں کینسر ہے، کوئی کسی بھی عہدے پر رہا ہو، احتساب کریں گے، زوال کی بنیادی وجہ کرپشن اور کرپشن ہے۔