قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے سلیکشن کمیٹی کل مشاورت کریگی

لاہور(بولونیوز) زمبابوے اور آسٹریلیا کے خلاف تین ملکی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب کرنے کیلئے سلیکشن کمیٹی بدھ کولاہور میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے ملاقات کرے گی۔تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ ٹیم میں بڑی تبدیلی کے حق میں نہیں ہیں اور وہ اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹیم کو برقرار دیکھنا چاہتے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کوچ سے مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان جمعرات کو کرے گی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کھلاڑیوں کو ہفتہ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی رپورٹ کرنا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ زمبابوے کیلئے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا تین روزہ مختصر کیمپ اتوار کو شروع ہوگا۔ جس کے بعد قومی ٹیم یکم جولائی سے زمبابوے میں شروع ہونے والی تین ملکی ٹی ٹونٹی کرکٹ سریز میں شرکت کیلئے روانہ ہوجائے گی۔