بلدیاتی ادارے تجاوزات ختم کروانے میں یکسر ناکام

کراچی(بولونیوز)بلدیاتی ادارے تجاوزات ختم کروانے میں یکسر ناکام ہوگئے،تفصیلات کے مطابق بازاروں کے گردونواح میں تجاوزات کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوگیا-طارق روڈ پر تجاوزات کی شکایات رفع کرنے والا کیمپ دکھاوا ثابت ہوا-یاد رہے کہ طارق روڈ پر تجاوزات کو قابو میں نہیں لایا جا سکا،جبکہ حیدری مارکیٹ میں پہلوانوں کے اکھاڑے کے گرد لوگوں کے ہجوم کی طرح تجاوزات قائم ہورہے ہیں-بتایا جاتا ہے کہ صدر سے ریگل تک تجاوزات کی بھرمار کو نہ روکا گیا،اس ضمن میں شہر کی اہم مارکیٹیں تجاوزات مافیا کے نرغے میں ہیں-ذرائع کے مطابق ضلعی بلدیات کی جانب سے تجاوزات ختم کرنے کے دعوے اعلانات تک محدود ہیں-تا ہم اس وقت شہرکی 100 مارکیٹیں تجاوزات کا مرکزبنی ہوئی ہیں-بلدیاتی عملہ تجاوزات قائم کروانے میں کسی قسم کی عارمحسوس نہیں کررہا ہے-ہزاروں تجاوزات قائم ہونے پر کسی سمت سے کوئی کاروائی کا امکان دکھائی نہیں دے رہا ہے-