بلیک لسٹ میں نام، زلفی بخاری نے نوٹی فکیشن چیلنج کردیا

اسلام آباد(بولونیوز) زلفی بخاری نے نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا نوٹی فکیشن چیلنج کردیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کونوٹس جاری کرتے ہوئے 21 جون تک جواب طلب کرلیا۔عدالت نے وزارت داخلہ کے سیکشن آفیسرای سی ایل کع بھی ذاتی حیثیت میں بلالیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس عامرفاروق نے زلفی بخاری کی درخواست پرسماعت کی۔ زلفی بخاری کی جانب سے سکندربشیرمہمند ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ زلفی بخاری پرعائد سفری پابندیاں بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں،11 جون کو عمرہ روانگی پرائیرپورٹ پرغیرقانونی طورپرروکا گیا، بعد ازاں 6 دن کے لیے استثنیٰء دیتے ہوئے جانے کی اجازت ملی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق درخواست میں مزید کہا گیا نام بلیک لسٹ میں غیر قانونی طور پر شامل کیا گیا، سفری پابندیاں آئین کے آرٹیکل 9، 10 اے، 14 اور 18 کے خلاف ہیں، عدالتی فیصلہ کے تحت نیب صرف جاری تحقیقات کی بنیاد پر سفری پابندی نہیں لگا سکتا، وزارت داخلہ اور نیب کو سفری پابندی ختم کرنے کا حکم جاری کیا جائے اور زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالا جائے۔ درخواست میں وزارت داخلہ اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔